عرفان ملک : عیدالفطر کے موقعہ پر شہریوں کی سہولت کیلئے احسن اقدام، عیدالفطر کے ایام میں معمولی خلاف ورزی پر شہریوں کا چالان نہیں ہوگا، سی ٹی او لاہور کے اعلان نے شہریوں کے دل جیت لئے۔
سی ٹی او منتظر مہدی کا کہنا تھاکہ سنگین خلاف ورزیوں پر بدستور کارروائی جاری رہے گی ۔سگنل، ون وے ٹریفک، ریسنگ، ہلڑبازی اور کم عمر ڈرائیورز کےخلاف کارروائی جاری رہے گی کم عمر ڈرائیورز کی گاڑی، موٹرسائیکل اور رکشہ کو بند کر دیا جائے گا۔ والدین کیطرف سے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کے بعد گاڑی، موٹرسائیکل واپس دی جائے گی۔ ون ویلرز اور ہلڑ بازوں کی پکڑ دھکڑ کےلئے خصوصی دستے تیار کرلئے گئے۔ والدین ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، بچوں پر کڑی نظر رکھیں۔
انہوں نے وارننگ دی کہ ون ویلنگ، ریسنگ، ہلڑ بازی کسی صورت برداشت نہیں ہوگی ۔عیدالاضحیٰ پر ٹریفک پولیس سنگین خلاف ورزیوں پر زیرو ٹولرنس پالیسی اپنائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ کینال روڈ، مین گلبرگ، جیل روڈ، خیابان جناح سمیت دیگر اہم روڈ پر سپیڈ گنز سے وقتاً فوقتاً چیکنگ جاری رہے گی۔ اوورسپیڈنگ کی روک تھام کیلئے سیف سٹی کیمروں کی مدد لی جائے گی۔حادثات کی بنیادی وجہ غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کرنا ہے۔