( ویب ڈیسک )مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے خدشات بڑھنے پر برطانیہ کے دفترِ خارجہ نے خطے سے ہزاروں برطانوی شہریوں کے ممکنہ انخلا کے منصوبے تیار کرنا شروع کردیئے ہیں۔
برطانوی حکام کے مطابق اب تک 76 ہزار شہریوں نے متاثرہ علاقوں میں اپنی موجودگی رجسٹر کروا رکھی ہے تاہم خلیجی ممالک میں موجود برطانوی شہریوں کی درست تعداد سے متعلق مختلف اندازے سامنے آرہے ہیں۔
برطانوی اخبار کے مطابق 50 ہزار سے زائد برطانوی شہری متحدہ عرب امارات میں موجود ہیں، جن میں اکثریت سیاحوں اور عارضی طور پر سفر کرنے والوں کی ہے، دبئی، جو ایک اہم سیاحتی اور کاروباری مرکز ہے، اس وقت اپنی فضائی حدود بند کیے ہوئے ہے جس کے باعث متعدد افراد وطن واپسی کے واضح انتظامات سے محروم ہیں۔
دفترِ خارجہ نے ایران، اسرائیل اور فلسطین کے لیے ہر قسم کے سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے، جبکہ متحدہ عرب امارات، قطر، کویت اور بحرین کے لیے غیر ضروری سفر سے بھی منع کیا گیا ہے، پاکستان کے بعض علاقوں کے سفر سے اجتناب کی خصوصی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔
سعودی عرب میں برطانوی سفیر نے سوشل میڈیا پر شہریوں کو گھروں میں رہنے کا مشورہ جبکہ اردن، عمان، شام، لبنان، یمن اور عراق میں موجود افراد کو احتیاط برتنے کی تاکید کی گئی ہے۔