ویب ڈیسک: پاکستان میں ماہ صیام کا آغاز ہوگیا، ملک بھر میں رمضان المبارک کی پہلی سحری کے موقع پر خصوصی اہتمام کیا گیا۔
لاہور، کراچی، اسلام آباد سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ہوٹلوں اور ریستورانوں پر بھی رش دیکھا گیا جہاں لوگوں نے خصوصی طور پر پہلی سحری کا اہتمام کیا۔
جہاں سحری کے مزے منفرد پکوان سے لئے گئے وہیں بعض شہروں میں عوام کو گیس کی کمی کا بھی سامنا کرنا پڑا۔
سحری کے بعد نماز فجر میں مساجد نمازیوں سے بھر گئیں، ذکرواذکار اور تلاوت قرآن پاک بھی خاص اہتمام کیا گیا، اس موقع پر فرزندان اسلام نے رب کے حضور رحمت، مغفرت اور بخشش طلب کی۔
علاوہ ازیں گزشتہ رات ماہ رمضان المبارک کا چاند نظر آنے پر نماز عشا کے بعد پہلی تراویح کا اہتمام کیا گیا، ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے جہاں اہل ایمان نے نماز تراویح ادا کی۔