باغوں کا شہر لاہور کچرستان بن گیا

باغوں کا شہر لاہور کچرستان بن گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اناشیہ پاشا، درنایاب )باغوں کے شہر میں ہر طرف کچرا، بہار میں پھول تو نہ کھلے، کوڑے کے ڈھیر لگ گئے، کو ئی بھی ایک علاقہ نہیں، شہر کا شہر کچرا کنڈی میں بدل گیا۔ 

حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث شہر لاہور کچرہ کنڈی بن گیا, کوڑا دان بھرنے کے بعد سڑکیں بھی گندگی سے اٹ گئیں، شہری مشکلات سے دوچار ہوگئے، ماڈل ٹاؤن آر بلاک، کیو بلاک، گلبرگ، شادمان، جوہرٹاون، لارنس روڈ پر کوڑے کے ڈھیر لگے ہیں، وفاقی کالونی، پیکو روڈ، ٹاون شپ، اسلام پورہ، اچھرہ، دیو سماج روڈ کے علاقے بھی کچرا کنڈی کا منظر پیش کر رہے ہیں۔

 بعض مقامات پر سڑک کا آدھا حصہ کوڑے سے اٹا پڑا ہے، جس سے ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہو رہی ہے، گلشن راوی نالہ بھی کچرے سے بھر گیا، اچھرہ، والمنڈی اور اسلامپورہ میں کوڑا ہی کوڑا نظر آرہا ہے، ٹاؤن شپ، اقبال ٹاؤن اور شادمان تعفن زدہ ہوگیا، سانس لینا بھی محال ہوگیا۔ 

جوہرٹاؤن میاں پلازہ کے قریب کنٹینر ابل پڑے، دیو سماج روڈ پر گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کے سامنے کچرا انتظامیہ کا منہ چڑانے لگا، کچا لارنس روڈ ایل ڈبلیو ایم سی کی کارکردگی پر ماتم کناں ہے، گاڑی ایک دن کوڑا اٹھانے آتی ہے، پھر پورا ہفتہ نہیں آتی۔

 شادمان میں کچرانہ اٹھائے جانے پر شہری پریشان ہیں، جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیر سے بدبو اٹھنے لگی ،علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ  کئی روز سے کوئی کوڑا اٹھانے نہیں آیا، گندگی سے تعفن اور بیماریاں پھیل رہی ہیں، بدبو کے باعث علاقے میں رہنا مشکل ہوگیا، علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لے کر علاقے میں صفائی کرانے کا مطالبہ کیا۔

Sughra Afzal

Content Writer