(ویب ڈیسک) 2012 میں بنائی جانیوالی بھارتی فلم انڈسڑی بالی ووڈ کی سپر ہٹ فلم ’’کاک ٹیل‘‘ کے14سال بعد اسکے سیکوئل ’’کاک ٹیل 2‘‘ کا ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے۔ ہومی اداجانیہ کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں شاہد کپور، کریتی سینن اور رشمیکا مندنا مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ٹریلر میں محبت، دوستی، غلط فہمیوں اور جذباتی کشمکش سے بھرپور ایک جدید رومانوی کہانی دکھائی گئی ہے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ کی یادگار رومانوی فلموں میں شمار ہونے والی کاک ٹیل کے شائقین کے لیے انتظار ختم ہو گیا ہے، کیونکہ اس کے سیکوئل ’’کاک ٹیل 2‘‘ کا ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے۔2012میں ریلیز ہونے والی اصل فلم نے نہ صرف باکس آفس پر شاندار کامیابی حاصل کی تھی بلکہ دپیکا پڈوکون کے کیریئر میں بھی ایک اہم موڑ ثابت ہوئی تھی۔ اب تقریباً 14سال بعد ہدایت کار ہومی ادا جانیہ ایک نئی کہانی اور نئی کاسٹ کے ساتھ اس مقبول فرنچائز کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ ’’کاک ٹیل2‘‘ میں شاہد کپور، کریتی سینن اور رشمیکا مندانا مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے۔
بالی ووڈ کی فلم کا ٹریلر کنال، دیا اور ایلی نامی تین کرداروں کے گرد گھومتا ہے، جن کی زندگی محبت، دوستی، جذباتی الجھنوں اور غلط فہمیوں کے باعث پیچیدہ ہو جاتی ہے۔ ٹریلر میں جدید رشتوں کی پیچیدگیوں اور نوجوان نسل کے جذباتی اتار چڑھاؤ کو نمایاں انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ گزشتہ دو ماہ کے دوران میڈوک فلمز نے فلم کے متعدد گانے جاری کئےتھے، جنہوں نے شائقین میں دلچسپی پیدا کر دی تھی۔ اب ٹریلر کی ریلیز کے بعد فلم کے حوالے سے گفتگو مزید تیز ہو گئی ہے۔سوشل میڈیا پر ٹریلر کو ملا جلا ردعمل ملا۔ ایک صارف نے لکھا کہ ’’کاک ٹیل 2‘‘ کا ٹریلر کچھ عجیب سا محسوس ہوتا ہے، لیکن پھر بھی میں یہ فلم ضرور دیکھوں گا‘‘۔ ایک اور صارف نے تبصرہ کیا کہ ’’تم ہی ہو بندھو گانے نے اکیلے ہی پورے ٹریلر کی فضا بنا دی‘‘۔ ایک تیسرے مداح نے لکھا، ’’یہ فلم پرانے شاہد کپور کے رومانوی دور کی یاد دلا رہی ہے‘‘۔ جبکہ ایک اور صارف کے مطابق، ’’کریتی سینن اس فلم میں شاندار کارکردگی دکھانے والی ہیں‘‘۔
یاد رہے کہ پہلی فلم’’کاک ٹیل‘‘ میں سیف علی خان، دپیکا پڈوکون اور ڈائنا پینٹی نے مرکزی کردار ادا کئے تھے۔ فلم کی کہانی، موسیقی اور کرداروں کو ناظرین کی جانب سے بے حد پسند کیا گیا تھا، جس کی وجہ سے برسوں بعد بھی اسے بالی ووڈ کی مقبول ترین رومانوی فلموں میں شمار کیا جاتا ہے۔ ’’کاک ٹیل2‘‘ کی کہانی ترون جین اور لو رنجن نے تحریر کی ہے۔ فلم کے ٹریلر سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ اپنے پیشرو کی طرح محبت اور دوستی کے موضوعات کو جدید انداز میں پیش کرنے کی کوشش کرے گی، تاہم اس بار جذباتی کشمکش اور رشتوں کی پیچیدگیوں پر زیادہ توجہ دی گئی ہے۔شاہد کپور، کریتی سینن اور رشمیکا مندنا کی یہ رومانوی ڈراما فلم19؍ جون کو سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔