زین مدنی حسینی:پاکستانی فلم اور ٹیلی ویژن انڈسٹری کے نامور مزاحیہ اداکار رفیع خاور (ننھا) کی 40ویں برسی آج عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔
ہنسی کا گول گپا کہلانے والے ننھا اپنی بے مثال اداکاری اور منفرد مزاح کے باعث آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔
دو دہائیوں تک لاکھوں چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے ننھا نے الف نون میں یادگار کردار ادا کرکے گھر گھر شہرت حاصل کی۔ ان کی برجستہ اداکاری اور مزاحیہ انداز نے انہیں پاکستان کے مقبول ترین فنکاروں میں شامل کر دیا۔
ننھا نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 1966ء میں وطن کا سپاہی سے کیا، تاہم دبئی چلو نے انہیں شہرت کی نئی بلندیوں تک پہنچا دیا۔ ان کی دیگر مشہور فلموں میں سالا صاحب، نوکر تے مالک، نمک حلال، تیری میری اک مرضی اور مہندی شامل ہیں۔
فلم "سالا صاحب" نے لاہور کے سینما گھروں میں مسلسل 300 ہفتے نمائش کا ریکارڈ قائم کیا، جو پاکستانی فلمی تاریخ کا ایک منفرد اعزاز سمجھا جاتا ہے۔
ننھا کی جوڑی رنگیلا کے ساتھ غیر معمولی مقبول ہوئی، جبکہ فلمی ہیروئنوں میں ممتاز، انجمن، مسرت شاہین، رانی، دردانہ رحمان اور نازلی کے ساتھ ان کے کردار شائقین میں بے حد پسند کیے گئے۔ بطور ہیرو اور کامیڈین ان کی سب سے مقبول جوڑی نازلی کے ساتھ سمجھی جاتی ہے۔
2 جون 1986ء کو ننھا اس دنیا سے رخصت ہو گئے، لیکن ان کا فن، مزاح اور لازوال کردار آج بھی پاکستانی شوبز انڈسٹری کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ انہیں آج بھی پاکستانی فلم انڈسٹری کا "مزاح کا بادشاہ" قرار دیا جاتا ہے۔