عرفان ملک:باغبانپورہ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ویمن کالج روڈ کے قریب زیر تعمیر عمارت کی دیوار گر گئی جس کے باعث ایک بچہ جاں بحق جبکہ چار افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب عمارت کی تیسری منزل پر تعمیراتی کام جاری تھا۔ اس دوران اچانک تیسری منزل کا ایک حصہ منہدم ہو گیا، جس کے نتیجے میں ملبہ نیچے آ گرا۔
ذرائع کے مطابق زیرِ تعمیر عمارت کی دیوار گرنے کے واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کی شناخت کر لی گئی، جبکہ جاں بحق ہونے والے 8 سالہ بچے کی شناخت تاحال نہ ہو سکی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والوں میں 35 سالہ ندیم، 38 سالہ شکیل، 32 سالہ فیض احمد اور 42 سالہ وسیم شامل ہیں۔
تمام زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے سروسز ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں علاج معالجہ فراہم کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ متعلقہ ادارے واقعے کی مزید تحقیقات میں مصروف ہیں۔