ڈاکٹروں کا آئوٹ ڈور کام نہ کرنے کا اعلان

ڈاکٹروں کا آئوٹ ڈور کام نہ کرنے کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42:لاہور کے ینگ ڈاکٹرز نے ایس اوپیز بننے اور ان پر عملدرآمد تک سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈیز میں کام نہ کرنے کا اعلان کردیا۔


لاہور کے جنرل ہسپتال میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کورونا کے حوالے سے ہر حکومتی فیصلہ غلط ثابت ہوتا رہا ہے، حکومت نے ثابت کیا ہے کہ وہ اپنی ضد ہیلتھ پروفیشنلز پر لاگو کرنا چاہتی ہے۔  ایس او پیز بنائے اور ان پر عملدرآمد ہوئے بغیر او پی ڈیز میں کام نہیں کریں گے، حکومت اپنی ناکامی اور نااہلی ہم پر ڈالنا چاہتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 60 ڈاکٹروں سمیت 100 سے زائد ہیلتھ پروفیشنلز کورونا کا شکار ہو چکے، رسک الاؤنس تمام ہیلتھ پروفیشنلز کے لیے ہونا چاہیے،ایک ہفتے تک ہیلتھ پروفیشنلز کو رسک الاؤنس نہ دیا گیا تو ہم مزید خدمات سرانجام نہیں دیں گے۔

 واضح رہے کہ ملک میں کورونا سے مزید 55 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 4446 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 216097 تک پہنچ گئی۔اب تک پنجاب میں کورونا سے 1762 اور سندھ میں 1406 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ خیبر پختونخوا میں 973 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔اس کے علاوہ اسلام آباد میں 128، بلوچستان میں 121 ، آزاد کشمیر میں 30 اور گلگت بلتستان میں 26 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

یاد رہے کہ ہسپتالوں میں حفاظتی اقدامات نہ ہونے سے متعدد ڈاکٹرز اپنی جانیں گنوا چکے ہیں،کئی اپنی جانیں دائو پر لگائے ہوئے ہیں، وزیر اعظم عمران خان،وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار متعدد بار طبی عملے کو خصوصی پیکج دینے،حفاظتی انتظامات کرنے کی یقین دہانی بھی کراچکے ہیں۔عملاً ابھی تک بہت کچھ کرنا باقی ہے،سب سے زیادہ متاثرہ ڈاکٹروں میں ملتان،فیصل آباد  کے ڈاکٹرز اور طبی عملہ شامل ہے۔

Azhar Thiraj

Senior Content Writer