(علی ساہی) پولیس سالانہ اوسطاً سوا 2 ارب روپے سے زائد ریکوری اور اوسطاً 16 ہزار سے زائد گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں ڈاکوؤں سے برآمد کرتی ہے۔ اس کے باوجود ان اشیاء اور نقدی کی مالکان کو واپسی نہ ہونے کے برابر ہے۔
اس حوالے سے آئی جی پنجاب نے برآمدگی فوراً مالکان تک پہنچانے کو عمل کو یقینی بنانے کیلئے احکامات جاری کردیے ہیں۔ ذرائع سے حاصل ہونیوالی معلومات کے مطابق تفتیشی افسران و اہلکار مدعیان کو برآمدگی دینے کیلئے بار بار دفاتر کے چکر لگواتے ہیں جو پریشان شہریوں کیلئے مزید پریشانی کا باعث بنتا ہے۔
اس حوالے سے آئی جی پنجاب عامر ذوالفقار خان نے برآمدگی کی رقم اور اشیاء میں خوردبرد کرنیوالے افسران اور اہلکاروں کیخلاف سخت کارروائی کا حکم دیا ہے۔اس حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ قانونی تقاضے پورے کرکے ریکوری اور مال مسروقہ مالکان کے حوالے کیا جائے اور اعلیٰ افسران ریکوری حوالگی کی باقاعدہ تقاریب کا انعقاد کریں، ان تقریبات کی میڈیا اور سوشل میڈیا پر نمایاں کوریج بھی کرائی جائے۔
آئی جی پنجاب عامر ذوالفقار خان کی جانب سے اس کیلئے سی سی پی او لاہور سمیت تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو باقاعدہ احکامات بھی جاری کردیے گئے ہیں۔واضح رہے کہ رواں سال پولیس کی جانب سے لاہور میں 88 کروڑ نقدی و مال مسروقہ اور 5 ہزار کے قریب گاڑیاں برآمد کی گئی ہیں۔