(قذافی بٹ)حکمران جماعت کے رکن پنجاب اسمبلی وحید گل نہال ہاشمی کی حمایت میں سامنے آگئے، کہتے ہیں کہ جب واٹس ایپ پر جے آئی ٹی بنے اور اقامے پر فیصلہ ہو تو اسے کیسے تسلیم کریں۔ پہلے 58 ٹو بی کا سہارا لیکر حکومتوں کو رخصت کیا جاتا تھا اب عدالتوں کا سہارا لے کر مقبول لیڈروں کو نااہل کیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں ایم پی اے وحید گل نے نہال ہاشمی کی سزا کیخلاف احتجاج کیا اور بابا رحمتے نامنظور کے نعرے بھی لگائے، وحید گل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عدالتوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، کہتے ہیں کہ زبانوں کو چپ کروانے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے، چیف جسٹس صاحب آپ ہسپتالوں کا دورہ کرتے ہیں ذرا پنی عدالتوں کا بھی دورہ کریں۔
وحید گل نے کہا کہ ہم نے عدلیہ کی آزادی کے لیے مار کھائی لیکن ہمیں ہی نا اہل کیا جا رہا ہے۔ عوامی خدمت کےکاموں پر سٹے دیئے جا رہے ہیں اور صرف اقامہ کی بنیاد پر منتخب وزیر اعظم کو نا اہل کر دیا جائے، اسے کیسے تسلیم کرلیں۔
ایم پی اے وحید گل نے کہا کہ پرویز مشرف طاقتور شخص تھا جسے توہین عدالت کے باوجود سزا نہیں دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ عدالتوں کا سہارا لے کر عوامی لیڈروں کو نکالا جا رہا ہے جبکہ لاڈلے کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی۔دنیا کی کوئی طاقت نواز شریف اور شہباز شریف کو نااہل نہیں کرسکتی۔