لاہور میں کورونا قہر ڈھانے لگا، 24 گھنٹے میں 16 افراد جاں بحق

لاہور میں کورونا قہر ڈھانے لگا، 24 گھنٹے میں 16 افراد جاں بحق
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

جیل روڈ (زاہد چودھری، شاہد سپرا، قیصر کھوکھر) کورونا لاہوریوں پر قہر بن کر ٹوٹ پڑا، گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران لاہور میں کورونا سے 16 افراد انتقال کرگئے جبکہ 219 نئے مریضوں کی تصدیق بھی ہوئی، 286 مریض شہر کے ہسپتالوں میں داخل ہیں جن میں سے 107 آئی سی یو اور 25 وینٹی لیٹر پر زیر علاج ہیں۔

ترجمان پرائمری ہیلتھ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران  صوبے بھرمیں کورونا کے 543 نئے کیسز اور45 اموات رپورٹ ہوئی ہیں، جس کے بعد صوبہ بھر میں مجموعی کیسز کی تعداد 119578 ہوگئی ہے، اب تک صوبہ میں 3036 اموات رپورٹ ہوئی ہیں جن میں سے 1211 اموات اور 58784 کیسز لاہور میں رپورٹ ہوئے ہیں۔ کورونا کی دوسری لہرکے دوران بھی پنجاب میں سب سے زیادہ متاثرہ شہرلاہور ہے، صوبے میں کورونا سے متاثرہ 98601 مریض اب تک صحت یاب ہوچکے ہیں۔

سوئی ناردرن گیس کمپنی لاہور ریجن کے دفتر میں مزید 3  افسروں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے، ذرائع کے مطابق ایگزیکٹو انجینئرعمر خان، ڈسٹری بیوشن آفیسر مصطفیٰ تارڑ اور ایگزیکٹو آفیسر ثوبان چودھری بھی کورونا کا شکار ہوگئے۔ تینوں افسروں کو طبی بنیادوں پر رخصت پر بھجوا دیا گیا۔

محکمہ خزانہ نے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کو کورونا کیلئے بجٹ جاری کر دیا ہے، محکمہ خزانہ نے کورونا کے تدارک کیلئے اقدامات کیلئے ایک ارب روپے جاری کیے ہیں، محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اس بجٹ سے وینٹی لیٹرز ،طبی سامان اور ادویات خریدے گا۔ محکمہ خزانہ نے کورونا کمیٹی کی منظوری کے بعد مذکورہ بجٹ جاری کیا۔

واضح رہے کہ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے دو ارب روپے مانگے تھے، محکمہ خزانہ نے بلاک ایلوکیشن سے یہ بجٹ جاری کیا۔

Sughra Afzal

Content Writer