سعید احمد سعید: بیرون ملک ملازمت کے لیے جانے والے ہنر مند افراد کو سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے پنجاب اسکلز ڈویلپمنٹ فنڈ (PSDF) اور پی آئی اے کے درمیان اہم معاہدہ طے پا گیا، جس کے تحت اہل امیدواروں کو رعایتی یکطرفہ ٹکٹ فراہم کیے جائیں گے۔
معاہدے پر پی آئی اے کے چیف کمرشل آفیسر نوشیرواں عادل اور پنجاب اسکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے سی ای او احمد خان نے دستخط کیے، جبکہ تقریب میں پی آئی اے کے جنرل منیجر پیسنجر سیلز جان مہر بھی موجود تھے۔
معاہدے کے مطابق پنجاب سے بیرون ملک ملازمت کے لیے جاب لیٹر حاصل کرنے والے امیدوار پرواز کارڈ بنوانے کے اہل ہوں گے، جس کے ذریعے وہ پی آئی اے سے رعایتی نرخ پر یکطرفہ ٹکٹ خرید سکیں گے۔
پی آئی اے کی جانب سے پرواز کارڈ ہولڈرز کو سروسز چارجز کی مد میں 7 فیصد رعایت بھی دی جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ہنر مند افراد کے لیے بیرون ملک روزگار کے مراحل کو آسان اور کم لاگت بنانا ہے۔