طلحہ اشرف:یومِ آزادی کی آمد کے ساتھ ہی شہر بھر میں جشنِ آزادی کا جوش و خروش بڑھنے لگا ہے، جبکہ مختلف بازاروں میں قومی پرچموں، جھنڈیوں، بیجز اور دیگر سجاوٹی اشیا کے رنگا رنگ اسٹالز سج گئے ہیں۔
اردو بازار سمیت شہر کی مختلف مارکیٹوں میں شہری بڑی تعداد میں قومی پرچم، بیجز، اسٹیکرز اور یومِ آزادی سے متعلق سجاوٹی سامان خرید رہے ہیں۔ سبز و سفید رنگوں سے مزین بازاروں نے جشنِ آزادی کی رونقوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ 14 اگست قریب آنے کے ساتھ خریداروں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور آئندہ دنوں میں خریداری کا رجحان مزید بڑھنے کی توقع ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ ہر سال کی طرح اس بار بھی یومِ آزادی قومی جذبے اور بھرپور جوش و خروش کے ساتھ منانے کے لیے تیاریاں کر رہے ہیں، جبکہ گھروں، دکانوں اور گاڑیوں کو قومی پرچموں اور جھنڈیوں سے سجانے کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے۔