سٹی42: چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے اسلام آباد جسٹس کمیٹی کا اہم اجلاس طلب کرلیا ۔ جسٹس کمیٹی کا اجلاس کل تین اگست دن دو بجے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوگا ۔رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ نے متعلقہ حکام کو مراسلہ ارسال کردیا ۔
اجلاس میں اسلام آباد پراسکیوشن ونگ کے قیام اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا جائیگا۔ اجلاس میں اسلام آباد ماڈل جیل کے قیام کی راہ میں درپیش مسائل پر بھی بات ہوگی۔اسلام آباد میں ریونیو کورٹس کے قیام کا معاملہ بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔
اس اہم اجلاس میں پولیس حکام کیسز میں سزاؤں اور بریت سے متعلق اپنی رپورٹ پیش کریں گے۔ سیکرٹری داخلہ ،سیکرٹری قانون و انصاف اور سیکرٹری لا اینڈ جسٹس کمیشن اجلاس میں شریک ہونگے۔ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد ، آئی جی پولیس اور چیف کمشنر اسلام آباد بھی شرکت کرینگے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز ایسٹ اینڈ ویسٹ کو بھی شرکت کیلئے مراسلہ بھجوایا گیا ہے۔
تمام حکام کو متعلقہ ریکارڈ کیساتھ اجلاس میں شرکت کی ہدایات کی گئی ہے۔