ویب ڈیسک:وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ ایک ہفتہ کے اندر اندر بجلی کے بلوں میں سیلز ٹیکس ختم کیا جائے گا۔
آل پاکستان انجمن تاجران کے وفد نے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے ملاقات کی جس میں صدر اجمل بلوچ ، جنرل سیکرٹری نعیم میر ،پنجاب کے صدر شاہر غفور پراچہ شریک ہوئے-وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے بجلی کے بلوں پر سیلز ٹیکس معاملہ حل کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ ایک ہفتہ کے اندر اندر بجلی کے بلوں میں سیلز ٹیکس ختم کیا جائے گا۔
صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے کہا کہ تاجر نمائندوں کی مشاورت سے انکم ٹیکس کو فکس کیا جائے گا اور بجلی کے بلوں میں تمام فردر ٹیکس ختم کر دئیے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ آل پاکستان انجمن تاجران کے وفد کی جانب سے دی گئی تمام تجاویز ایک ہفتے کے اندرحل ہوں گی اور تجاویز کو حتمی شکل تک تاجر بجلی کے جمع نہیں کرائیں گے جب کہ اس حوالے سے آج اسلام آباد میں آل پاکستان انجمن تاجران کا اجلاس بھی ہوگا۔
اس سے قبل ملک بھر کے تاجروں نے بجلی پر سیلز ٹیکس مسترد کرتے ہوئے بل جمع نہ کرانے کا اعلان کرتے ہوئے بجلی کے دفاتر کے سامنے دھرنے دیے اور بجلی کے بلوں کو آگ بھی لگائی۔
دوسری جانب سندھ ہائی کورٹ نے بجلی کے بلوں میں سیلز ٹیکس لاگو کرنے کیخلاف انجمن تاجران سندھ کی درخواست پر کے الیکٹرک، وفاقی حکومت اور صوبائی حکومت اور دیگر کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے درخواست قابل سماعت ہونے پر دلائل طلب کرلیے۔
واضح رہے کہ کراچی سمیت ملک بھر میں دکانوں پر فکسڈ سیلز ٹیکس کے نفاذ نے تاجروں کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے اور شہریوں کی جانب سے بجلی کے بلوں پر فکسڈ ٹیکس کے خلاف بھرپور آواز اٹھائی جا رہی ہے۔