عابد چودھری:لاہور کے علاقے چونگ میں نویں جماعت کی طالبہ پر تیزاب گردی کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں طالبہ شدید زخمی ہو گئی ہے۔
پولیس کے مطابق طالبہ اکیڈمی سے گھر واپس جا رہی تھی کہ نامعلوم ملزمان نے اس پر اچانک تیزاب پھینک دیا جبکہ خود جائے وقوعہ سے فرار ہو گئے۔ حملے کے نتیجے میں طالبہ کا چہرہ، سر اور کندھے جھلس گئے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ رشتہ نہ دینے کی رنجش کا شاخسانہ ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ تھانہ چوہنگ میں طالبہ کے والد کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔
دوسری جانب گرین ٹاؤن میں پولیس نے مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس سے پولیس گاڑی بھی گولیوں کی زد میں آئی۔
پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تعاقب کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، جس کی شناخت ساجد کے نام سے ہوئی۔ ملزم اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہوا تھا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ زخمی ملزم کو علاج کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ دوسرا ملزم فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گیا، جس کی گرفتاری کے لیے پولیس کے چھاپے جاری ہیں۔