(اکمل سومرو) پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ نے آن لائن کلاسز سے متعلق پالیسی جاری کر دی، یونیورسٹی نے طلباء کو لازمی طور پر آن لائن کلاسز لینے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ نے آن لائن کلاسز سے متعلق قوانین و ضوابط طے کر لئے ہیں۔ اس سلسلے میں وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد کی زیر صدارت فیکلٹیوں کے ڈینز اور صدور شعبہ جات کا آن لائن اجلاس منعقد ہوا۔ موجودہ صورتحال میں طلباء کا وقت بچانے کے لئے متعدد فیصلے کئے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ آن لائن کلاسز میں شمولیت لازمی ہے اور یہ متعلقہ شعبہ جات کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق جاری رہیں گی۔
پالیسی کے مطابق طلباء کو ترجیحی بنیادوں پر مضامین کا سلیبس اور متعلقہ آن لائن کتب مہیا کی جائیں گی۔طلباء کی بہتر پڑھائی اور بہترین نئائج حاصل کرنے کے لئے کورس میٹیریل اور ریکارڈڈ لیکچرز بذریعہ ای میل، میل اور مختلف سوفٹ وئیر کے ذریعے سے طلباء کو ارسال کئے جائیں گے، تھیوریٹیکل مضامین میں طلباء کے مڈ، فائنل یا کمپری ہینسو امتحانات سے متعلق فیصلہ حالات نارمل ہونے پر کیا جائے گا۔ تاہم اساتذہ آن لائن کلاسز کے دوران 30 فیصد نمبر کی اسائنمنٹ طلباء کو دے سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ متعلقہ ماڈیول میں لیب ورک، پریکٹیکل سیشنز اوران کے امتحان حالات نارمل ہونے پر منعقد ہوں گے۔ پالیسی کے مطابق ناگزیر وجوہات کی بنا پر آن لائن کلاسز میں حصہ نہ لے سکنے والے طلباء کے مسائل کا حل بھی نکالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ناگزیر اور حقیقی وجوہات کی بنیاد پر کلاس نہ لینے والے طلباء کو حالات نارمل ہونے پر سمر کیمپ، متبادل کلاسز یا اضافی کریڈٹ آوورز کی پیشکش کی جائے گی اور اس سلسلے میں کوئی ٹیوشن فیس نہیں لی جائے گی۔
تمام اساتذہ اپنی کلاسز اور طلباء کی حاضری کا ریکارڈ مرتب کریں گے۔ صدور شعبہ جات آن لائن کلاسز کا باقاعدگی سے انعقاد یقینی بنائیں گے۔ دوسری جانب یونیورسٹی ترجمان خرم شہزاد نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی میں موسم گرما کی تعطیلات معمول کے شیڈول کے مطابق ہوں گی۔