سٹی 42: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہانِ مملکت کی کونسل کے اجلاس کے موقع پر بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بیلاروس کے دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت اور سیاسی، تجارتی، اقتصادی، دفاعی اور ثقافتی شعبوں میں مضبوط تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا، ملاقات میں نومبر 2024ء میں صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے دورۂ پاکستان اور اپریل 2025ء میں وزیراعظم شہباز شریف کے بیلاروس کے دورے کا بھی ذکر کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے تجارت، صنعت، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور فنی تربیت کو ترجیحی شعبے قرار دیتے ہوئے دوطرفہ تعاون مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایس سی او سربراہانِ مملکت کی کونسل کے آئندہ چیئرمین کی حیثیت سے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کو آئندہ سال پاکستان کا دورہ کرنے کی پرتپاک اور دوستانہ دعوت دی۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بیلاروس کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کیلئے مشترکہ عزم اور پختہ ارادے کا اعادہ کیا۔