ملک میں مہنگائی نے 47 سالہ ریکارڈ توڑ دیا

 ملک میں مہنگائی نے 47 سالہ ریکارڈ توڑ دیا
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) اگست کے دوران مہنگائی میں 2.4 فیصد اضافہ ہوا اور ملک میں مہنگائی نے 47 سالہ ریکارڈ توڑ دیا۔

وفاقی ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اگست کے دوران ملک میں مہنگائی کی شرح میں 2.4 فیصد اضافہ ہوا، اور پاکستان میں مہنگائی 47 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مہنگائی کی سالانہ شرح 27.3 فیصد کی بلند سطح پر پہنچ چکی ہے، اور اعداد و شمار کے مطابق شہری علاقوں میں مہنگائی کی شرح 26.2 فیصد جب کہ دیہی علاقوں میں مہنگائی سب سے زیادہ 28.8 فیصد ریکارڈ ہوئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ماہ دال مونگ 15.27 فیصد، سبزیاں 13.44 فیصد مہنگی ہوئیں، جبکہ پھل 20 فیصد، چکن 11.54 فیصد اور موٹر فیول 2.60 فیصد سستا ہوا۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ماہ کے دوران دال ماش 12.47 فیصد، دال مسورکی قیمت میں 11.76 فیصد، دال چنا 6 فیصد، انڈے 7.53 فیصد، بیسن ساڑھے 6 فیصد مہنگا ہوا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک ماہ کے دوران آلو 5 فیصد، کوکنگ آئل کے دام ڈھائی فیصد بڑھ گئے، اگست میں بجلی 19.73 فیصد مہنگی ہوئی، جب کہ اس دوران ریڈی میڈ گارمنٹس 8 فیصد اور تعمیراتی سامان ساڑھے7 فیصد مہنگا ہوا۔