ویب ڈیسک : محکمہ موسمیات نے شہرِ قائد میں سہ پہر کے بعد ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اکتوبر میں موسم گرم رہے گا، درجہ حرارت 40 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ ا سکے علاوہ ہوا کا کم دباؤ 8 سے 10 گھنٹوں میں بحیرہ عرب میں داخل ہوگا، سمندرمیں موجود سسٹم کے باعث پوسٹ مون سون مزید 1 سے 2 دن جاری رہنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز شہر قائد میں ہونے والی بارش کے باعث کراچی ایئرپورٹ کا فلائٹ آپریشن متاثر ہوا، ملکی اور غیرملکی پرواز ہوائی اڈے پر لینڈ نہ کرسکی۔ ایئرپورٹ ذرائع نے بتایا کہ کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن متاثر ہونے کے سبب ویتنام سے آنے والی کارگو پرواز کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ نہ کرسکی، لاہور سے کراچی آنے والی قومی ایئرلائن کی پرواز پی کے 305 بھی لینڈ کرنے سے قاصر رہی۔ اس کے علاوہ کراچی سے جدہ اور اسلام آباد کی پروازوں کی روانگی میں بھی تاخیر ہوئی جبکہ فلائٹ کو ری شیڈول کیا گیا۔
ایئرپورٹ ذرائع نے مزید بتایا کہ موسم کی صورتحال کے باعث لاہور سے کراچی آنے والی پرواز پی کے 305 کو سکھر ایئرپورٹ پر اتارا گیا۔