سٹی42: سرکاری سکولوں میں آئی ٹی لیب انچارج، قاری ٹیچرز، لیب اسسٹنٹ اور دیگر نان ٹیچنگ اسٹاف کی ترقیوں کا دیرینہ معاملہ بالآخر حل کی جانب بڑھنے لگا ہے۔ ان ملازمین کی ترقیوں کا کیس گزشتہ پانچ سال سے زیر التوا تھا، جسے اب صوبائی کابینہ کے ایجنڈے میں شامل کر لیا گیا ہے۔
تجویز کے مطابق آئی ٹی لیب انچارج، قاری ٹیچرز اور آفس کلرک کو گریڈ 7 سے گریڈ 11 دینے کی سفارش کی گئی ہے۔ اسی طرح کیشئر کا بی پی ایس 11 سے بڑھا کر بی پی ایس 15 کرنے، فلم پروجیکشنسٹ کا گریڈ 8 سے 14 کرنے، لیب اسسٹنٹ کو گریڈ 5، 6، 7 سے بی پی ایس 7 پر یکساں لانے اور لیب اٹینڈنٹ کو بی پی ایس 1 سے بڑھا کر 7 کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
پنجاب بھر میں اس وقت 350 آئی ٹی لیب انچارج، 800 قاری ٹیچرز، 60 آفس کلرک، 100 کیشئر، 60 فلم پروجیکشنسٹ، 300 لیب اسسٹنٹ اور 7000 سے زائد لیب اٹینڈنٹ خدمات انجام دے رہے ہیں۔ متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ اپگریڈیشن سے نہ صرف ان ملازمین کی حوصلہ افزائی ہوگی بلکہ اسکولوں میں انتظامی کارکردگی بھی بہتر ہوگی۔