ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پنجاب حکومت کا 8 اکتوبر کو مقامی تعطیل کا اعلان، نوٹیفکیشن جاری

پنجاب حکومت کا 8 اکتوبر کو مقامی تعطیل کا اعلان، نوٹیفکیشن جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(قیصر کھوکھر)  سرکاری ملازمین اور طلبا کیلئے بڑی خوشخبری، پنجاب حکومت نے چہلم شہدائے کربلا اور عرس حضرت داتاگنج بخشؒ کے موقع پر 8اکتوبر کو مقامی تعطیل کا اعلان کر دیا۔

پنجاب حکومت نے مقامی تعطیل کے حوالے سے نوٹیفکیشن بھی  جاری کر دیا، نوٹیفکیشن کے مطابق چہلم شہدائے کربلا اور عرس حضرت داتا گنج بخشؒ کے موقع پر 8 اکتوبر کو ضلع لاہور میں عام تعطیل ہوگی،لاہور میں سکول، کالج، یونیورسٹیاں اور سرکاری ادارے بند  رہیں گے  تاہم سول سیکرٹریٹ ،صوبائی اور وفاقی دفاتر کھلے رہیں گے۔

دوسری جانب محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب نے حضرت داتا گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ کے 977ویں سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات کے لئے انتظامات مکمل  کرلیے، کورونا وائرس کے دوران زائرین کو ماسک اور سماجی فاصلہ کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا، برصغیر کی معروف روحانی شخصیت حضرت داتا گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ کے سالانہ عرس کی تقریبات کا آغاز 6 اکتوبر کو ہوگا۔

حضرت علی ہجویری کا اسمِ گرامی علی کنیت ابوالحسن اور لقب گنج بخش ہے۔ حضرت داتا گنج بخشؒ  ماہ ربیع الاوّل 373ہجری میں شہر غزنی کی ایک بستی ہجویر میں پیدا ہوئے، انہوں نے ابتدائی تعلیم ہجویر میں حاصل کی۔ آپ نے داتا گنج بخشؒ کے نام سے شہرت پائی اس بارے میں روایت عام ہے کہ جب حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری رحمتہ اﷲ علیہ نے یہاں چلہ کر کے اور معتکف رہ کر فیض حاصل کیا تو یہ شعر پڑھا ۔

 گنج بخش فیض عالم مظہر نور خدا

ناقصاں را پیر کامل کاملاں را رہنما

نواسہ رسول ﷺ حضرت حضرت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کا چہلم 8 اکتوبر کو مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا، ملک بھر میں علم، ذوالجناح اور تعزیئے کے جلوس برآمد کیے جائیں گے اور مجالس عزا کا بھی انعقاد کیا جائے گا، علماء کرام شہدائے کربلا کی دین کیلئے خدمات پر روشنی ڈالیں گے۔

قتلِ حسین اصل میں مرگ یزید ہے

اسلام زندہ ہوتا ہے ہر کربلا کے بعد

روز عاشورہ سنہ 61 ہجری کو حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ و سلّم کے پیارے نواسے حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے اعزہ ؤ اصحاب کی مظلومانہ شہادت اور اس کے بعد خاندان رسول اکرم (ﷺ) کی عورتوں اور بچوں کی اسیری اور کوفہ ؤ شام کے درباروں اور بازاروں میں تشہیر کے چالیس دن پورے ہوجانے کی یادوں میں پورا عالم اسلام 20 صفر المظفر کو ہرسال امام مظلوم کا چہلم یا چالیسواں مناتا ہے۔

غریب سادہ و رنگیں ہے داستان حرم

نہایت اس کی حسینؑ ابتدا ہے اسماعیلؑ

ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے چہلم حضرت امام حسینؑ کے موقع پرصوبے کے اہم اور حساس شہروں میں موبائل فون سروس جام کرنے کیلئے وفاقی حکومت کو مراسلہ بھجوا دیا ہے، محکمہ داخلہ نے اضلاع کی انتظامیہ سے چہلم کے حوالے سے سکیورٹی پلان بھی طلب کرلیا۔ 

Sughra Afzal

Content Writer