عرفان ملک: پاکستان سپر لیگ سیزن 11 کے اہم میچز کے پیش نظر قذافی اسٹیڈیم لاہور میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جہاں 6 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں اور شائقین کرکٹ کی حفاظت کیلئے چار درجاتی حصار پر مشتمل جامع سکیورٹی پلان مرتب کیا گیا ہے، سکیورٹی ڈیوٹی پر 9 ایس پیز، 29 ڈی ایس پیز، 61 ایس ایچ اوز/انسپکٹرز، 478 اپر سب آرڈینیٹس اور 5786 اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے بتایا کہ خواتین کی سکیورٹی اور چیکنگ کیلئے 245 لیڈی اہلکار بھی فرائض انجام دیں گی، جبکہ ٹیموں کی قیام گاہ سے اسٹیڈیم تک کے روٹس پر ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ سکیورٹی پلان کے تحت ایلیٹ فورس، ڈولفن فورس اور پولیس رسپانس یونٹ کی ٹیمیں پٹرولنگ کریں گی، جبکہ سرچ اینڈ سویپ آپریشنز میں دیگر سکیورٹی ادارے بھی شامل ہوں گے جبکہ تمام اہم روٹس پر واقع بلند عمارتوں پر سنائپرز بھی تعینات کیے جائیں گے اور سکیورٹی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔