ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے رحمت کارڈ پروگرام کا ڈیجیٹل افتتاح کر دیا

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے رحمت کارڈ پروگرام کا ڈیجیٹل افتتاح کر دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 ویب ڈیسک :وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز  نے رحمت کارڈ پروگرام کا باضابطہ ڈیجیٹل افتتاح کر دیا، جس کے تحت مستحقین میں رقوم فراہم کی جائے گی۔

Caption

تقریب کے دوران صوبائی معاونِ خصوصی راشد اقبال نصراللہ نے رحمت کارڈ پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس پروگرام کے لیے صوبائی زکوٰۃ فنڈ سے 5 ہزار ملین روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے، جو اس نوعیت کا ایک بڑا فلاحی اقدام ہے۔

Caption

حکام کے مطابق رحمت کارڈ کے ذریعے ابتدائی مرحلے میں 50 ہزار مستحق بیواؤں اور یتیم بچوں کو فی کس 1 لاکھ روپے دیے جائیں گے، تاکہ وہ اپنی بنیادی ضروریات پوری کر سکیں اور مالی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ صرف وہی افراد اس پروگرام کے اہل ہوں گے جو شرعی اصولوں کے مطابق زکوٰۃ کے مستحق ہیں، یعنی مستحق مسلم بیوائیں اور یتیم بچے ہیں اس اقدام کا مقصد حقیقی حقداروں تک امداد کی شفاف اور منصفانہ فراہمی یقینی بنانا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس موقع پر ہدایت کی کہ زکوٰۃ فنڈز کا استعمال مکمل طور پر میرٹ پر کیا جائے اور شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، تاکہ کسی قسم کی بدعنوانی یا حق تلفی نہ ہو۔

رحمت کارڈ پروگرام کو حکومت پنجاب کی جانب سے سماجی بہبود کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے ہزاروں مستحق خاندانوں کو براہ راست فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔

رحمت کارڈ کے ذریعے بیوہ کے لیے ایک لاکھ اور یتیم بچوں کے لیے ایک لاکھ روپے کی ادائیگی بذریعہ جاز کیش کی جائے گی۔

رجسٹریشن کے لیے مستحقین سی ایم رحمت کارڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں یا پھر ہیلپ لائن 1077 پر رابطہ کریں۔

بیوہ کے شناختی کارڈ پر بیوہ اسٹیٹس درج ہونا چاہیے، تعلق کم آمدنی والے گھرانے سے ہو، کسی بھی قسم کی سرکاری مالی امداد حاصل نہ کررہے ہوں، سرکاری ملازمہ یا پنشنر نہ ہو۔

سرپرست کا یتیم بچوں کے ب فارم کے ساتھ اندراج ضروری ہے، پی ایس ای آر سروے میں اندراج ہو، مستحق کا موبائل نمبر قومی شناختی کارڈ سے رجسٹرڈ ہو۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر میں بیواؤں اور یتیموں کو مالی تحفظ فراہم کرنے کے لیے "رحمت کارڈ” اسکیم کی باقاعدہ منظوری دی تھی۔

اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ اب معاشرے کا یہ طبقہ خود کو تنہا نہ سمجھے، حکومت ان کی مکمل سرپرستی کرے گی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ پسماندہ طبقات کی مدد کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس اقدام کا مقصد انہیں معاشی طور پر مستحکم کرنا ہے۔

Caption