(ویب ڈیسک)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے چودھری پرویز الٰہی کی زمان پارک میں ملاقات ہوئی ہے، پرویز الٰہی نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمران خان کو مبارکباددی۔
ملاقات میں دونوں رہنماﺅں میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت ہوئی، ملاقات میں پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابی سرگرمیاں تیز کرنے پر اتفاق کیاگیا۔
عمران خان نے کہاکہ سپریم کورٹ کافیصلہ خوش آئند اور آئین کی بالادستی کا عکاس ہے ،قوم نے آئین کی بالادستی کیلئے جوجدوجہد کی وہ رنگ لائی،تحریک انصاف انتخابی مہم میں اب تیزی لائے گی،چیئرمین تحریک انصاف نے کہاکہ سپریم کورٹ نے90 روز میں انتخابات کا حکم دے کر آئین کی بالادستی کو برقرار رکھا۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کاکہناتھا شہبازشریف او رمریم نواز نے الیکشن سے بھاگنے کی پوری کوشش کی، عدلیہ نے فیصلے میں واضح بتا دیا کہ 90 روز میں الیکشن آئین کی منشا ہے ،امید ہے الیکشن کمیشن صدر اور گورنر سے مشاورت کے بعد الیکشن کی تاریخ اور شیڈول جاری کرے گا۔
پرویز الٰہی کاکہناتھا کہ شہبازشریف جھوٹے مقدمات بنانے کا ریکارڈ قائم کر رہے ہیں، ملک کو نوازشریف، شہبازشریف کی خواہش پر نہیں آئین کے مطابق چلنا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد متعلقہ ادارے عملدرآمد کیلئے اقدامات کریں،ان کاکہناتھا کہ آئین ہی سپریم ہے یہ بات پی ڈی ایم کو جان لینی چاہئے ۔