(سعید احمد)ایئربلیو نے اندرون ملک خصوصی کرائے متعارف کروا دیے، لاہور اور کراچی کے درمیان روزانہ 2 پروازیں آپریٹ کی جائیں گی،تمام مسافروں کو کرایوں پر خصوصی رعایت ملے گی.
ایئربلیو انتظامیہ کے مطابق مسافروں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے کرایہ ناموں میں کمی کی گئی ہے، 15 کلو سامان لے جانے کی رعایت کے ساتھ یک طرفہ کرایہ7ہزار 5سو روپے مقرر کیا گیا ہے، 35 کلو سامان کیساتھ یک طرفہ کرایہ رعایت کے بعد صرف 8 ہزار 27 روپے، 40 کلو سامان کے ساتھ یک طرفہ کرایہ صرف 9 ہزار 77 روپے کردیا گیا ہے۔نئے کرایوں کا اطلاق فوری طور پر نافذ ہوگا، اندرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کے لیے خصوصی کرائے متعارف کروائے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پی آئی اے نے کراچی تا اسلام آباد اور کراچی تا لاہور کرایوں پر خصوصی رعایت کا اعلان کیا ہے جبکہ پی آئی اے نے بزرگ شہریوں کیلئے اندرون ملک کرایوں میں کمی کردی ہے۔ مسافروں کو اب 20 کلو سامان لے جانے کی رعایت کے ساتھ یک طرفہ کرایہ 7 ہزار 5 سو روپے ہو گا جبکہ 40 کلو سامان کے ساتھ یک طرفہ رعایتی کرایہ 8 ہزار 5 سو روپے ہو گا۔
قومی ایئر لائن کی جانب سے اندرونِ ملک نئے کرایوں کا اطلاق فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔ پی آئی اے کے ترجمان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ موسم بہار میں لوگ سفر کرنا اور سیاحت کرنا پسند کرتے ہیں۔قومی ایئر لائن کے ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اندرون ملک سیاحت اور جشن بہار کیلئے پی آئی اے نے یہ خصوصی کرائے متعارف کروائے ہیں۔
قبل ازیں پی آئی اے نےاندرون ملک دوطرفہ کرایہ24ہزار 600 سے کم ہو کر 17 ہزار روپے کیاتھا،ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کا کہنا تھا کہ کرائیوں میں کمی کا مقصد موسم سرما کی چھٹیوں میں سفر کے لئےعوام کی حوصلہ افزائی کرنا ہے،سکولوں میں چھٹیوں کے دوران سفر کرنا اور گھر آنا سب کی خواہش ہوتی ہے پی آئی اے کی جانب سے خصوصی کمی تمام ایسے لوگوں کیلئے تحفہ ہے۔