سٹی 42 : وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کراچی میں یونیورسٹی روڈ صفورا میں واقع نادرا میگا سنٹر کا اچانک دورہ کیا، محسن نقوی نے نادرا میگا سنٹر میں شہریوں کے لئے سہولتوں کا جائزہ لیا ۔
وزیرداخلہ محسن نقوی شناختی کارڈز اور دیگر دستاویزات بنانے کے لیے آئے شہریوں سے ملے۔ محسن نقوی نے شہریوں سے سنٹر میں فراہم کردہ سہولتوں کے بارے دریافت کیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہریوں سے شناختی کارڈز اور دیگر دستاویزات بنوانے کے عمل بارے پوچھا۔ نادرا میگا سنٹر میں موجود شہریوں کا مہیا کردہ سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا، کہا کہ شناختی کارڈز اور دیگر دستاویزات بنوانے میں انتظار نہیں کرنا پڑتا، وقت پر باری آ جاتی ہے اور عملہ بھی مکمل تعاون کرتا ہے۔
وزیرداخلہ محسن نقوی مختلف کاونٹرز پر گئے اور خصوصا بزرگ شہریوں سے گفتگو کی اور ان کے ایشوز پوچھے۔ وزیر داخلہ نے بزرگ شہریوں اور خواتین کے کام ترجیحی بنیادوں پر کرنے کے احکامات جاری کئے۔ محسن نقوی نے نادرا سنٹر کے انچارج اور عملے کی کارکردگی کی تعریف کی۔