سٹی42: لاہور کے معروف جناح ہسپتال کے مرکزی دروازے پر قاتلانہ حملے کا واقعہ، مانگا منڈی کے رہائشی شخص کامل کو فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق زخمی کامل جناح ہسپتال میں زیر علاج ایک مریض کی عیادت کے لیے آیا تھا۔وہ مریض کے لیے ادویات لینے ایمرجنسی سے باہر نکلا تو گیٹ پر موجود حملہ آوروں نے اس پر فائرنگ کر دی۔
حملہ آور پہلے سے گھاٹ لگائے ہسپتال کے باہر موجود تھے۔ فائرنگ سے ہسپتال اور اردگرد کے علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچی، زخمی کو فوری طور پر ایمرجنسی منتقل کر دیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور جلد حملہ آوروں کو گرفتار کر لیا جائے گا جبکہ واقعے کے بعد ہسپتال کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔