گرین یورو بانڈ کااجراء

Green Eurobond
کیپشن: Green Eurobond
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کے پہلے گرین یورو بانڈ کا باضابطہ اجراء کر دیا، گرین یورو بانڈ واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیموں کیلئے پچاس کروڑ ڈالر کی رقم اکٹھی کرنے کیلئے جاری کیا گیا۔

اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت نے پانی کی ضروریات پوری کرنے اور شفاف توانائی پیدا کرنے کیلئے دس برسوں میں دس ڈیم تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے۔

 ڈھائی برسوں میں دیامر بھاشا اور مہمند ڈیموں میں تعمیراتی کاموں پر پیش رفت کا اعتراف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ دونوں آبی ذخائر ملک میں صاف اور ماحول دوست دس ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرینگے، دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم ملک کی مستقبل کی توانائی، پانی اور غذائی تحفظ کی ضروریات کے لئے انتہائی اہم ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان دنیا میں ماحولیاتی تبدیلی اور عالمی حدت سے انتہائی متاثرہ ملکوں میں سے ایک ہے۔ اس مسئلے سے نمٹنے کیلئے حکومت دس ارب درخت اگانے کے سونامی پروگرام کے تحت شجرکاری مہم پر موثر انداز میں کام کر رہی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ یہ پروگرام سیاحت کو فروغ اور آلودگی میں کمی کے ساتھ عوام کے معیار زندگی میں نمایاں بہتری بھی لائے گا۔

انہوں نے کہا کہ قدرتی ماحول کے تحفظ کیلئے پندرہ خصوصی قومی پارک قائم کیے جا رہے ہیں، حکومت آئندہ نسلوں کے تحفظ اور ملک کی ترقی کیلئے طویل مدتی منصوبہ بندی فعال انداز میں کام کر رہی ہے۔

حکومت کی جانب سے شروع کئے گئے عوامی فلاح و بہبود کے پروگراموں کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک بھر میں معیاری تعلیم کو یقینی بنانے کیلئے یکساں نصاب متعارف کرایا جا رہا ہے، اس سے پہلے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ گرین یورو بانڈ کو عالمی سطح پر پذیرائی مل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گرین بانڈ کا اجرا عالمی برادری کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کی پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہے، ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کے لئے عالمی سطح پر پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا جا رہا ہے۔

Sughra Afzal

Content Writer