سٹی42: ایل ڈی اے نے گزشتہ حکومت کی تیار کردہ 12 میگا پراجیکٹس منصوبوں کو آئندہ مالی سال کے لئے دوبارہ تجویز کردیا، ڈی جی ایل ڈی اے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو بھی منصوبوں پر بریفنگ دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے آئندہ مالی سال دو ہزار انیس بیس کے لئے بارہ میگا پراجیکٹ تجویز کردیئے ہیں، میگا پراجیکٹس میں پہلے سے منظور شدہ دو ارب بیس کروڑ کی لاگت سے شاہکام چوک فلائی اوور شامل ہے۔ پچانوے کروڑ سے ڈیفنس روڈ پر لیبر کالونی سے شاہکام چوک تک توسیع، پانچ ارب چھیانوے کروڑ سے ایکسپو سنٹر سے رنگ روڈ تک سٹرکچر پلان روڈ کی تعمیر اور تین ارب سے ایکسپو سنٹر سے خیابان جناح تک سٹرکچر پلان روڈ کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
چالیس کروڑ سے ایکسپو سنٹر کے گرد عبدالحق روڈ کی توسیع، فردوس مارکیٹ پر تیس کروڑ سے سنگل سائیڈ فلائی اوور بھی تجویز کیا گیا ہے، سی ٹی او کی درخواست پر داتا نگر برج کا منصوبہ بھی شامل کیا گیا ہے، تریسٹھ کروڑ سے کوٹ لکھپت برج کی توسیع، جناح ہسپتال انٹر سیکشن کی توسیع، ایلی ویٹیڈ ایکسپریس وے کو دوبارہ شروع کرنے کا منصوبہ، کوٹ لکھپت کی ارضی پر ایل ڈی اے ٹاور کی تعمیر سمیت دیگر منصوبے شامل ہیں۔ تمام منصوبے ایل ڈی اے نے ماضی کی حکومت میں بھی تجویز کئے تھے۔