ملک اشرف : چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان کے اعزاز میں الوداعی تقریب۔ چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ کا کہنا ہے کہ دور دراز سے آنے والے سائلین کو انصاف کی فراہمی ہماری ترجیح ہونی چاہیے۔ ادارے اپنی حدود میں کام کریں گے تو ملک ترقی کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان بار کونسل کی جانب سے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان کے اعزاز میں آواری ہوٹل میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ محمد قاسم خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے لئے کام کرنا ہو گا۔ ہمارا اولین مقصد دور دراز سے آنے والے سائلین کو انصاف فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مطمئن ضمیر کے ساتھ عدلیہ سے رخصت ہو رہے ہیں۔
نامزد چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد امیر بھٹی کا کہنا تھا کہ زیر التوا مقدمات نمٹانے کے لئے وکلا کا تعاون درکار ہے۔ سب ملکر مسائل کا حل ڈھونڈیں ۔تقریب میں جسٹس علی باقر نجفی ، جسٹس مسعود عابد نقوی ،جسٹس شہرام سرور چوہدری ، جسٹس محمد شان گل ، جسٹس محمد رضا قریشی شریک ہوئے۔
ممبر پاکستان بار کونسل احسن بھون نے چیف جسٹس ہائیکورٹ محمد قاسم خان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ حفیظ الرحمان چودھری ، محمد محسن ورک، پیر مسعود چشتی، چودھری عمران رضا چدھڑ، طاہر نصراللہ وڑائچ سمیت وکلاء کی کثیر تعداد تقریب میں شریک ہوئی۔