(ویب ڈیسک ) انڈر 19 ورلڈ کپ میں آج روایتی حریفوں کا مقابلہ ہوگا، پاکستان کو سیمی فائنل میں رسائی کیلیے بڑی فتح درکار ہے۔
تفصیلات کے مطابق انگلینڈ، افغانستان اور آسٹریلیا پہلے ہی فائنل 4 کا ٹکٹ کٹوا چکے ہیں، گروپ 2 سے اب صرف ایک نشست باقی ہے، اگر بھارت پاکستان انڈر 19 ٹیم کو کسی بھی مارجن سے مات دیتا ہے تو سیدھا سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا۔
مگر گرین شرٹس کیلیے صرف فتح کافی نہیں ہوگی ، اس کے ابھی 4 پوائنٹس ہیں، رن ریٹ بھی کافی کم ہے ، بلو شرٹس 6 پوائنٹس اور مضبوط رن ریٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
اس لیے پاکستانی ٹیم کو فائنل 4 کھیلنے کیلیے بھارت کو بہت بڑے مارجن سے مات دینا ہوگی تاکہ نہ صرف اس کے پوائنٹس بھارت کے برابر ہوجائیں بلکہ رن ریٹ میں بھی وہ روایتی حریف سے آگے نکل جائے۔
اگر ٹیم پہلے بیٹنگ کرتی ہے تو پھر اسے کم سے کم 105 رنز سے کامیابی حاصل کرنا ہوگی ، اگر پاکستانی سائیڈ کو ہدف کا تعاقب کرنا پڑے تو بہت تیزی سے اسے عبور کرنا ہوگا، مثال کے طور پر اگر یہ ہدف 251 رنز ہوا تو گرین شرٹس کو سیمی فائنل کھیلنے کیلیے 29.4 یا اس سے بھی کم اوورز میں فنش لائن عبور کرنا ہوگی۔