سٹی42: وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا کے علاقہ لکی مروت میں پولیس پارٹی پر خودکش حملے میں شہید ہونے والے جوان کو خراج عقیدت پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ پولیس کے جوانوں کی عظیم قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، تمام مجرموں اور ان کے سرپرستوں کو کیفر کردار تک پہچا کر وطنِ عزیز کو دہشتگردوں کے ناپاک وجود سے پاک کریں گے۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے آج لکی مروت میں سڑک پر ڈیوٹی دینے کے دوران دشہتگردوں کے خودکش حملے میں جام شہادت نوش کرنے والے پولیس اہلکار کو خراج عقیدت پیش کیا۔ محسن نقوی نے شہید اہلکار کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور شہید کو پیش آنےوالے سانحہ پر تعزیت کی۔
انہوں نے کہا، میں زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں۔ محسن نقوی نے اس قومی عزم کا اعادہ کیا کہ فتنہ الخوارج کی بزدلانہ کارروائیاں دہشتگردی کے خلاف قوم کے پختہ عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔
محسن نقوی نے ایک بار پھر اعتراف کیا کہ کے پی کے پولیس نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا، ان عظیم قربانیوں کو کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔