پشاور میں جلسے سے خطاب کرنا بلاول بھٹو زرداری کو مہنگا پڑ گیا

Bilawal Bhutto
کیپشن: Bilawal Bhutto
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) الیکشن کمیشن نے پشاور میں بلدیاتی انتخابات کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ، خورشید شاہ اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت 7  اراکین اسمبلی کو نوٹس جاری کردیئے۔

30 نومبر کو بلاول بھٹو زرداری سمیت پارٹی کے دیگر اراکین نے پشاور میں پارٹی کے یوم تاسیس کے جلسے سے خطاب کیا۔الیکشن کمیشن کے مطابق بلاول بھٹو زرداری، اراکین قومی اسمبلی خورشید شاہ، عبدالقادر پیٹل، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ، سعید غنی، نثار کھوڑو اور رکن خیبرپختونخوا اسبملی نگہت اورکزئی کو نوٹس جاری کیا گیا۔

ریجنل الیکشن کمشنر کے مطابق خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان ہو چکا ہے، پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور دیگر اراکین اسمبلی نے پابندی کے باوجود جلسے میں شرکت کی جو سیاسی جماعتوں کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ارکین اسمبلی سمیت تمام سرکاری عہدیداروں کو بلدیاتی انتخابات کی مہم میں حصہ لینے سے منع کیا گیا تھا، جلسے سے خطاب کرکے سیاسی جماعتوں کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن نے بلاول بھٹو سمیت 7 ارکین اسمبلی کو 3 دسمبر کو ساڑھے گیارہ بجے ریجنل الیکشن کمشنر پشاور طلب کرلیا ہے اور عدم پیشی کی صورت میں معاملہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے حوالے کیا جائے گا۔