ملک اشرف:پنجاب بار کونسل کے جنرل ہاؤس اجلاس میں چھ ماہ کی آئینی مدت مکمل ہونے پر نئے عہدیداروں کا انتخاب عمل میں آ گیا۔ انتخاب کے نتیجے میں انڈیپنڈنٹ گروپ نے نمایاں کامیابی حاصل کی۔
قیصر نذیر ساہی وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل جبکہ ارشد علی ہنجرا چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل منتخب ہوگئے۔ نو منتخب وائس چیئرمین قیصر نذیر ساہی کا تعلق فیصل آباد سے جبکہ نو منتخب چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی ارشد علی ہنجرا کا تعلق سرگودھا سے ہے۔
انتخاب کے بعد جنرل ہاؤس میں خوشی کی فضا دیکھنے میں آئی۔ انڈیپنڈنٹ گروپ کی کامیابی پر وکلاء نے گروپ کے رہنما احسن بھون کو مبارکباد دی، ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، جبکہ نو منتخب عہدیداروں کو بھی پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور ان کے حق میں نعرے لگائے گئے۔
پنجاب بار کونسل کے جنرل ہاؤس اجلاس میں صوبے بھر سے منتخب ارکان نے شرکت کی۔ تقریب میں وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل پیر مسعود چشتی، ممبر پاکستان بار کونسل حفیظ الرحمان چودھری، ثاقب اکرم گوندل، عامر سعید راں، طاہر نصر اللہ وڑائچ سمیت دیگر سینئر وکلاء بھی موجود تھے۔
دوسری جانب پروفیشنل گروپ کے حمایت یافتہ ممبران نے انتخابی طریقہ کار پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے شفافیت سے متعلق بعض سوالات اٹھائے۔
واضح رہے کہ پنجاب بار کونسل میں آئین کے مطابق ہر چھ ماہ بعد وائس چیئرمین اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی کے عہدوں کے لیے انتخاب منعقد کیا جاتا ہے، جس کے تحت موجودہ عہدیداروں کا انتخاب مکمل کر لیا گیا۔