ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ٹریفک پولیس میں جدید اصلاحات،  لائسنسنگ نظام کو مکمل ڈیجیٹل بنادیا گیا

ٹریفک پولیس میں جدید اصلاحات،  لائسنسنگ نظام کو مکمل ڈیجیٹل بنادیا گیا
کیپشن: file photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

عابد چودھری:پنجاب ٹریفک پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ٹریفک نظام میں اصلاحات کا عمل تیز کرتے ہوئے متعدد ڈیجیٹل سہولیات متعارف کرا دی ہیں۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر کی سربراہی میں گزشتہ ایک سال کے دوران عالمی معیار کی جدید اصلاحات نافذ کی گئیں، جن سے شفافیت اور عوامی سہولت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

ترجمان کے مطابق ڈی ایل آئی ایم ایس 2.کے ذریعے ڈرائیونگ لائسنسنگ نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنایا گیا، جس کے تحت شہریوں کو تیز، آسان اور شفاف آن لائن لائسنسنگ سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ آن لائن نظام میں نئے لرنر پرمٹ، لائسنس کی تجدید اور ڈپلیکیٹ لائسنس کے اجرا کی سہولت بھی شامل کی گئی ہے، جبکہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن تجدید کی سہولت بھی متعارف کرائی گئی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ عوام کی دہلیز پر خدمات کی فراہمی کے لیے صوبے بھر میں 33 موبائل پولیس و لائسنسنگ یونٹس فعال کیے گئے ہیں، جبکہ موبائل پولیس اسٹیشن اینڈ لائسنسنگ یونٹس کے ذریعے شہریوں کو ان کے علاقوں میں ہی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔

بیان کے مطابق ایکسیڈنٹ ڈیسک کے قیام اور سائنسی بنیادوں پر تحقیقات کے نتیجے میں ٹریفک حادثات میں 35 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اسی طرح کنجیشن اور انکروچمنٹ ڈیسک کے قیام سے ٹریفک کی روانی بہتر ہوئی ہے، جس کے باعث صوبے بھر میں سفر کے دورانیے میں بھی نمایاں کمی آئی ہے۔

ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر نے کہا کہ جدید نگرانی کے نظام سے لائسنسنگ کے عمل میں میرٹ اور شفافیت کو مزید مستحکم کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اے آئی ڈرائیونگ ٹیسٹ کار جدید لائسنسنگ نظام میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں پہلی بار ون ایپ کے ذریعے ایویڈنس بیس چالاننگ نظام متعارف کرایا گیا ہے، جبکہ عالمی معیار کی جدید اصلاحات کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے شہریوں کے لیے مزید سہولتیں اور آسانیاں پیدا کی جائیں گی۔