سٹی 42 : بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ اور گلستان میں سیلابی ریلوں نے تباہی مچادی، مسافر وین اور ٹرک ریلے میں بہہ گیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق تحصیل گلستان کے علاقے حبیب زئی میں 15 مسافروں سے بھری وین سیلابی ریلے میں بہہ گئی۔ اس کے علاوہ حبیب زئی میں ہی اشیائے خورونوش سے لدا ٹرک بھی سیلابی ریلے کی نذر ہوگیا۔
سیلابی ریلوں سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا ہے، مسافروں کو بچانے کی کوششیں جاری ہیں۔
علاوہ ازیں قلعہ عبداللہ ندی میں اونچے درجے کا سیلابی ریلا آیا جس کی وجہ سے کوئٹہ چمن شاہراہ پر ٹریفک معطل ہوگئی۔ توبہ اچکزئی، خانوزئی اور گلستان کی رابطہ سڑکیں سیلاب کے باعث ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے بند ہوگئیں ۔
پشین اور توبہ اچکزئی کی برساتی ندیوں میں متعدد مسافر گاڑیاں پھنس گئیں، انتظامیہ نے اس حوالے سے الرٹ جاری کردیا۔ موسلا دھار بارشوں کے بعد کئی مقامات پر ٹریکٹرز اور گاڑیاں پانی میں محصور ہیں ۔