بابر شہزاد تُرک: وفاقی حکومت کی جانب سے بیوروکریسی میں تقرر و تبادلوں اور ریٹائرمنٹ کے احکامات جاری کئے گئے ہیں، پولیس سروس آف پاکستان کے گریڈ 21 کے افسر محمد طارق چوہان کو ڈائریکٹر جنرل نیشنل پولیس بیورو تعینات کیا گیا ہے.
محمد طارق چوہان اس سے قبل پنجاب حکومت میں خدمات انجام دے رہے تھے، مزید برآں جوائنٹ سیکریٹری داخلہ ڈویژن عدنان ارشد اولکھ کا تبادلہ کر کے انہیں جنرل منیجر (ایڈمن) واپڈا تعینات کیا گیا ہے۔
دریں اثناء وزیراعظم کی منظوری کے بعد وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تحت 3 افسران کو کنٹریکٹ پر تعینات کیا گیا ہے، وزارت آئی ٹی کے تحت 3 سال کیلئے کنٹریکٹ پر محمد عامر ملک کو ممبر (انٹرنیشنل کوآرڈینیشن) مقرر کیا گیا ہے، مزید برآں وزارت آئی ٹی کے تحت 2 سال کے کنٹریکٹ پر وقاص عباس کو ڈائریکٹر ٹیکنیکل، اور محمد عظیم خان کو پروگرام ڈائریکٹر، ڈیجیٹل اکانومی انہانسمنٹ پروجیکٹ مقرر کیا گیا ہے۔
دیگر احکامات کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں تقرری کے منتظر، سیکریٹریٹ گروپ، گریڈ 22 کے افسر محمد اسلم غوری کو 3 ستمبر 2025ء سے او ایس ڈی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن تعینات کیا گیا ہے جبکہ نجکاری ڈویژن کے ڈپٹی سیکریٹری شہزاد آصف کو تبدیل کر کے ڈپٹی سیکریٹری وزارتِ دفاع راولپنڈی میں تعینات کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں، سیکریٹریٹ گروپ کے گریڈ 19 کے افسر ڈاکٹر عبدالشکور ابڑو کا 13 جون 2025 کا بعد از ریٹائرمنٹ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تمام احکامات کے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیے ہیں۔