ویب ڈیسک: پنجاب حکومت نے 25 بڑے ترقیاتی منصوبے جلد شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جن میں انڈر پاسز، فلائی اوورز کی تعمیر، شاہراہوں کی توسیع اور سنگل سے دو رویہ شاہراہ بنانے کے منصوبے شامل ہیں۔
ان منصوبوں پر کام کی مجموعی لاگت 88.65 ارب روپے ہے اور ان پر جلد ہی کام کا آغاز ہوگا۔
وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی وزیر کو 25 منصوبوں کے حوالے سے پیشرفت کی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے افسران نے بھی تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیر مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ لاہور میں 2.24 ارب روپے کی لاگت سے برکی روڑ کو دو رویہ کیا جائے گا۔ مزید بتایا گیا کہ کشمیری بازار کی توسیع، انڈر پاسز اور فلائی اوورز کی تعمیر بھی منصوبوں میں شامل ہے۔
شیخوپورہ تا فاروق آباد روڈ کو 6.94 ارب روپے کی لاگت سے دو رویہ بنایا جائے گا۔ وزیر نے تمام متعلقہ پروسیس کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
صہیب احمد بھرتھ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق تعمیر و ترقی کا سفر جاری ہے اور یہ منصوبے صوبے میں بنیادی ڈھانچے اور مواصلاتی نظام کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔