(ویب ڈیسک) بلوچستان کے علاقے شاہرگ میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کےدرمیان فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید اور 4 دہشت گرد مارےگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شاہرگ کے قریب بلوچستان میں کمان پاس کے علاقے میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا، سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے مشتبہ ٹھکانے پر ہیلی کے ذریعے کارروائی کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلےمیں 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی شفیع اللہ اور سپاہی محمد قیصر شہید ہوگئے۔ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، ایمیونیشن، آئی ای ڈیز برآمد، علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کو پکڑنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔