ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیراعلیٰ پنجاب کا ایاز صادق کے متنازع بیان پر سخت ردعمل

وزیراعلیٰ پنجاب کا ایاز صادق کے متنازع بیان پر سخت ردعمل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سٹی 42) وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کا سردار ایاز صادق کے متنازع بیان پر سخت ردعمل، کہتے  ہیں کہ ایاز صادق اوربعض اپوزیشن رہنماؤں کے بیانات ناقابل فہم اورقومی مفادات کے یکسر منافی ہیں۔ 

وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار  نے سابق سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے غیر ذمہ دارانہ بیان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ  ایسے بیانات ملک دشمن کے بیانیے کے عکاس ہیں، پاکستان کے عوام شر انگیز بیانیے کو مکمل مسترد کرتے ہیں، ایاز صادق سمیت بعض اپوزیشن رہنما ملک دشمنی کی حد پار کرچکے ہیں، پاکستان کی مسلح افواج پر پوری قوم کو فخر ہے، پاک فوج مشکل کی ہرگھڑی میں سرخرو رہی ہے، ہماری مسلح افواج قوم کی آن، شان اور مان ہے،  22 کروڑ عوام مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ ملک دشمن کا ایجنڈا پاکستان میں نہ پہلے چلا ہے نہ آئندہ چلنے دیا جائے گا، غیر ملکی آقاؤں کے اشارے پر اداروں کو متنازع بنانے کی کوشش پاکستان کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے، پاکستان کی جڑوں کو کھوکھلا کرنے کے مذموم عزائم کی ہر سطح پر بھر پور مذمت کرتے ہیں، ملک دشمن بیانیے کی پاکستان میں رتی بھر بھی گنجائش نہیں۔

انہوں نے کہاکہ ایسے مذموم بیانیے کو پروان چڑھانے والے عناصر کے عزائم کو قوم جان چکی ہے، قوم کی تائید سے پاکستان کی سا لمیت پر کوئی حرف نہیں آنے دیں گے۔

واضح رہےکہ 29 اکتوبر کو  پارلیمنٹ میں سابق سپیکر قومی اسمبلی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردار ایاز صادق نے فلور پر کھڑے ہو کر کہا تھا کہ ”ابھینندن کو بھارتی دباؤ پر چھوڑا گیا، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی ٹانگیں کانپ رہی تھیں انہیں پسینہ آیا ہوا تھا اور وہ کہہ رہے تھے کہ ابھینندن کو نہ چھوڑا تو بھارت رات کے 9 بجے پاکستان پر حملہ کر سکتا ہے اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دباؤ ڈالا کہ ابھینندن کو چھوڑ دیا جائے تاکہ دونوں ممالک میں امن قائم ہو“ ۔

Sughra Afzal

Content Writer