ویب ڈیسک: لاہور سمیت ملک بھر میں شہریوں نے اتوار کو رات کے وقت نایاب فلکیاتی منظر ’’بلیو مون‘‘ کا شان دار نظارہ کیا، صاف موسم کے باعث متعدد شہروں میں مکمل چاند واضح طور پر دکھائی دیا اور فلکیات سے دلچسپی رکھنے والے افراد، خاندانوں اور فوٹوگرافی کے شوقین شہریوں نے اس منفرد منظر کو اپنے کیمروں میں محفوظ کیا۔
ماہرین فلکیات کے مطابق مئی 2026 میں دوسری مرتبہ مکمل چاند نمودار ہوا جسے فلکیاتی اصطلاح میں بلیو مون کہا جاتا ہے، یہ ایک نسبتاً نایاب واقعہ ہے جو عموماً دو سے تین سال بعد دیکھنے میں آتا ہے۔
لاہور، اسلام آباد، کراچی، پشاور، کوئٹہ، فیصل آباد، ملتان اور دیگر شہروں میں شہریوں نے شام کے وقت چاند طلوع ہونے کے بعد اس کا مشاہدہ کیا، ماہرین کے مطابق شام ساڑھے سات بجے سے مشرقی افق پر چاند کا منظر زیادہ دلکش رہا جبکہ کئی علاقوں میں یہ رات بھر نمایاں طور پر دکھائی دیتا رہا۔