سٹی42: سی سی ڈی کاہنہ لاہور کی ایک اور بڑی کامیابی ، تہرے قتل میں مطلوب اشتہاری مجرم نثار احمد نے سات سال کی روپوشی کے بعد خود کو قانون کے حوالے کر دیا۔
ذرائع کے مطابق اشتہاری نثار احمد نے سات سال قبل شہری لطیف، اس کے سگے بھائی حیدر، اور بھتیجے اعظم کو فائرنگ کر کے بے دردی سے قتل کر دیا تھا۔ فائرنگ کے دوران لطیف شدید زخمی ہوا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے بعد ازاں دم توڑ گیا۔
واقعے کے بعد نثار احمد موقع واردات سے فرار ہو گیا تھا اور گزشتہ سات برسوں سے مختلف علاقوں میں روپوش رہا تاہم قانون کے شکنجے سے آخر کار بچ نہ سکا۔
ملزم نے بالآخر سی سی ڈی کاہنہ لاہور کے سامنے سرنڈر کر کے اپنی گرفتاری پیش کر دی۔ اس موقع پر ترجمان سی سی ڈی کا کہنا تھاکہ ہتھیار ڈالنے والے ملزم کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ترجمان کے مطابق سرنڈر کرنے والے ہر فرد کو تمام قانونی حقوق دیے جاتے ہیں اور قانونی تقاضے پورے کر کے اسے عدالت میں پیش کر کے انصاف کے مطابق سزا دلوائی جائے گی۔