اشتیاق ربانی: شکرگڑھ میں جموں سے آنے والے نالہ اوج میں اچانک طغیانی کے باعث درمیانے درجے کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے، جس سے متعدد دیہات متاثر ہوئے اور 160 سے زائد افراد نالے کے دوسری جانب پھنس گئے۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق نالہ اوج میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے، جبکہ دھان کی فصل لگانے کے لیے جانے والے کئی کسان بھی پانی میں پھنس گئے۔
ریسکیو 1122 نے چک قاضیاں اور جلالہ کے مقامات پر فوری ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق جلالہ میں 33 جبکہ چک قاضیاں میں 130 افراد پھنسے ہوئے ہیں، جنہیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
ریسکیو ٹیمیں جلالہ، گھسیٹ پور اور چک جیندڑ کے علاقوں میں بھی نالہ اوج کے دوسری جانب پھنسے شہریوں کو نکالنے میں مصروف ہیں۔
ریسکیو 1122 نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث غیر ضروری طور پر نالہ اوج عبور کرنے سے گریز کریں اور حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔