وزیراعظم ہاوس میں پاکستان اورر چین نے اہم مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کر دیئے

Prime Minister Shahbaz Sharif, Chinees Deputy Prime Minister, Chinese Vice-Premier He Lifeng, Islamabad, City42
کیپشن: وفاقی وزیربرائے منصوبہ بندی احسن اقبال اور چین کے قومی کمیشن برائے اصلاحات و ترقی کے وائس چیئرمین  سونگ لیان نے جوائنٹ کوآپریشن کمیٹی آف سی پیک  اور  سی پیک فریم ورک  میں سپیشل ایکسچینج آف میکنزم کے معاہدوں پر دستخط کئے. وزیراعظم شہباز شریف اور عوامی جمہوریہ چین کے نائب وزیراعظم ہی لی فنگ کی موجودگی میں وزیراعظم ہاوس اسلام آباد میں مفاہمت کی چھ یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: پاکستان اور چین کےدرمیان اہم مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہو گئے۔

چین کے نائب وزیراعظم ہی لی فینگ  کی سربراہی میں  چین کے اعلیٰ سطح کے  وفد کے  دورہ پاکستان  کے موقع پر وزیراعظم ہائوس میں دونوں ممالک  کے درمیان مفاہمت کی 6 دستاویزات اوریادداشتوں پر دستخطوں کی تقریب ہوئی.

وزیراعظم محمد شہبازشریف   اور چین کے نائب وزیراعظم ہی  لی فینگ نے پاکستان اور چین کے درمیان  6 ایم او یوز اور معاہدوں پر دستخط کی تقریب کا مشاہدہ کیا.

وفاقی وزیربرائے منصوبہ بندی احسن اقبال اور چین کے قومی کمیشن برائے اصلاحات و ترقی کے وائس چیئرمین  سونگ لیان نے جوائنٹ کوآپریشن کمیٹی آف سی پیک  اور  سی پیک فریم ورک  میں سپیشل ایکسچینج آف میکنزم کے معاہدوں پر دستخط کئے.

سیکرٹری وزارت قومی غذائی تحفظ  و تحقیق ظفر حسن   اور پاکستان میں چین کی ناظم الامور فانگ  چن سوائے  نے  چین کو سرخ مرچ کی برآمدات سے متعلق دستاویز پر دستخط کئے.

این ایچ اے  کے ممبر پلاننگ  احسن امین اور پاکستان میں چین کی ناظم الامور  فانگ چن سوائے نے   قراقرم ہائی وے ری الائنمنٹ     فیزٹو کی حتمی فزیبلٹی سٹڈی   کی یادداشت پر دستخط کئے.

 دونوں ممالک نے  انڈسٹریل ورکر ایکسچینج پروگرام  اور  ایم ایل ون منصوبے  پر  21 ویں کانفرنس کی تکنیکی کمیٹی کے منٹس پر بھی دستخط کئے.

وزیراعظم ہاوس اسلام آباد میں  مفاہمتی یادداشتوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ چینی صدر  کےویژن کے مطابق خطے میں ترقی کیلئے کوشاں ہیں۔

ہم سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں۔ منصوبے کا دس سال پہلے سنگ بنیاد رکھا گیا۔سی پیک کے تحت 25ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوچکی ہے۔ چینی نائب وزیراعظم ہی لیفینگ کا وزیراعظم ہاؤس آمد پر شاندار استقبال کیا گیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنی آمد پر وزیر اعظم ہاؤس کے مرکزی دروازے پر غیر ملکی معززین کا استقبال کیا۔

بعد ازاں انہوں نے وفاقی کابینہ کے ارکان بشمول بلاول بھٹو زرداری، اسحاق ڈار، رانا ثناء اللہ، سید نوید قمر، احسن اقبال، سعد رفیق، مریم اورنگزیب، حنا ربانی کھر اور طارق فاطمی پر مشتمل اپنے وفد کا چینی نائب وزیراعظم سے تعارف کرایا۔

حکومت پاکستان کی دعوت پر صدر شی جن پنگ کے خصوصی ایلچی، چین کے نائب وزیراعظم اور کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے پولٹ بیورو کے رکن ہی لیفینگ، چین پاکستان اقتصادی راہداری کی 10ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کے لیے یہاں کا دورہ کر رہے ہیں۔

اس  سے قبل وزیر اعظم نے  مائیکرو بلاگنگ سائٹ  ٹویٹر پر لکھا کہ  "چین کے نائب وزیر اعظم  ہی لیفینگ کا پرتپاک استقبال کرنا میرے لئے خوشی کا باعث ہے۔ہی لیفنگ اور ان کے وفد کے ارکان  کاپاکستان آنا ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے۔ وہ  CPEC  کی 10 ویں سالگرہ منانے میں ہمارے ساتھ شامل ہونے کے لیے پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں اور اس  گیم چینجر  منصوبے سے ہونے والی تبدیلیوں کا  خود مشاہدہ کر رہے ہیں،‘‘