ویب ڈیسک: ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نےلاہور کے علاقے ویلنشیاء ٹاؤن میں پتنگ کی ڈور پھرنے سے 10 سالہ بچے کے زخمی ہونے کا نوٹس لے لیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ذمہ دار پتنگ بازوں کی نشاندہی کرنے کا حکم دے دیا ، انہوں نے واضح ہدایات جاری کیں کہ اس واقعے میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے شہر بھر میں غیر قانونی پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مقررہ تاریخوں کے علاوہ پتنگ بازی مکمل طور پر ممنوع ہے اور صرف اجازت یافتہ دنوں میں ہی پتنگ بازی کی اجازت ہو گی۔
فیصل کامران کا کہنا تھا کہ پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی جان لیوا جرم ہے اور اس پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔
خیال رہے کہ مذکورہ واقعہ گزشتہ شام تقریباً 5 بجے پیش آیا تھا جب مصطفیٰ آفندی نامی بچے کے گلے پر پتنگ کی ڈور لگ گئی تھی، واقعے کے فوراً بعد زخمی بچے کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق بچے کی حالت خطرے سے باہر ہے اور طبی امداد کے بعد اسی شام اسے ڈسچارج کر دیا گیا تھا۔