ناقص ایل پی جی سلنڈروں کی فروخت کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

ناقص ایل پی جی سلنڈروں کی فروخت کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( عثمان علیم ) شہر میں بڑھتے ہوئے سلنڈر دھماکوں کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کے 15 نکاتی ایس او پیز جاری، عملدرآمد نہ کرنے والوں کی دکانیں سیل کرنے کا فیصلہ، کریک ڈاؤن کے لیے 10 سپیشل ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں۔

ضلعی انتظامیہ کا بڑھتے ہوئے سلنڈر دھماکوں کے پیش نظر شہر میں ناقص ایل پی جی سلنڈرز کی فروخت اور منتقلی کے خلاف اہم اقدام، شہر کی 13 سو ایل پی جی شاپس میں سے فائر سیفٹی ٹریننگ کا حصہ نہ بننے والی 900 دکانوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا گیا۔

ضلعی انتظامیہ نے فائر سیفٹی ٹریننگ کا حصہ بننے والے چار سو دکانداروں کو سرٹیفکیٹس جاری کر دیئے۔ سول ڈیفنس آفیسر عرفان علی کا کہنا ہے کہ ڈی سی کی ہدایات پرسول ڈیفنس نے زون کی سطح پر کریک ڈاؤن کے لیے 10 سپیشل ٹیمیں تشکیل دے دی۔ اے سی ہیڈ کواٹر رانا امجد کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے 15 نکات پر مشتمل ایس او پیز بھی جاری کردیئے ہیں۔ ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے والی ایل پی جی شاپس کو سیل کیا جائیگا۔

ایس او پیز کے مطابق ایل پی جی کی نئی دکانیں اے سی ہیڈ کوارٹر کی اجازت کے بغیر نہیں کھولی جاسکیں گی۔ اوگرا قوانین کے مطابق ڈسٹریبیوٹرز اور سب ڈسٹریبیوٹرز کے علاوہ کسی کو ایل پی جی کا کاروبار کرنے کی اجازت نہ ہوگی۔ ہوٹل، ریسٹورنٹ، تندور، کالج، شادی ہال، ہسپتال، ویلڈنگ دکانوں اور لکڑی کے ٹال کے ساتھ ایل پی جی دکان کھولنے کی اجازت نہ ہو گی۔ 18 سال سےکم عمرکو ایل پی جی شاپس پرکام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ تمام ایل پی جی دکانوں پرآگ بجھانے والے آلات کا ہونا لازم قرار دیا گیا،ایک سلنڈر سے دوسرے سلنڈرمیں گیس منتقلی نہیں کی جائیگی۔

دکانوں میں 20 سے زائد کمرشل سلںڈرز رکھنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی، تمام ایل پی جی دکانوں پر بجلی کی اوپن وائرنگ کی کسی صورت اجازت نہ ہوگی۔ تمام ایل پی جی شاپس کوسول ڈیفنس کی جانب سےدی جانے والی فائرسیفٹی ٹرننگ سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازم قرار دیا گیا ہے جبکہ ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے والی دکانوں کو ایس او پیز پورے ہونے تک سیل رکھا جائے گا۔