ویب ڈیسک : کراچی ،حیدرآباد اور چکوال میں نئے سال کے موقع پر امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔
کراچی میں شہریوں کی حفاظت اور امن و امان برقراررکھنے کے لئے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری، اسلحے کے ساتھ چلنے اورنمائش پرپابندی عائد کی گئی ہے۔ حیدرآباد میں ڈویژنل کمشنرنے ڈی آئی جی پولیس کی سفارش پر یہ قدم اٹھایا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق آتشبازی، ہوائی فائرنگ اوراسلحے کی نمائش پرمکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔
خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف مقدمات درج کرنے اور قانونی کارروائی کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔
چکوال میں ڈپٹی کمشنر سارہ حیات کے مطابق دفعہ 144 یکم جنوری تک نافذ العمل رہے گی،اس دوران ون ویلنگ، سالینسر کے بغیر موٹرسائیکل چلانے، آتشبازی اور ہوائی فائرنگ پر بھی پابندی ہوگی۔
انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پابندیوں کا احترام کریں تاکہ نئے سال کے موقع پرمحفوظ اور پرامن ماحول قائم رہے۔