ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

انڈونیشیا کی شہریت کے خواہشمند افراد کیلئے بڑی خبر

انڈونیشیا کی شہریت کے خواہشمند افراد کیلئے بڑی خبر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: انڈونیشیا نے شہریت کے خواہشمند افراد کے لیے ایک اہم اقدام کرتے ہوئے گلوبل سٹیزن شپ آف انڈونیشیا پروگرام کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت درخواستیں وصول کی جا رہی ہیں۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس پروگرام کے ذریعے سابق انڈونیشیائی شہریوں اور ان سے منسلک افراد کو ملک میں غیر معینہ مدت تک قیام اور کام کی اجازت دی جائے گی۔

انڈونیشیا دوہری شہریت کو قانونی طور پر تسلیم نہیں کرتا، تاہم حکومت نے اس پابندی کے متبادل کے طور پر انڈونیشیائی نژاد غیر ملکیوں کے لیے ایک خصوصی رہائشی اسٹیٹس متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد بیرونِ ملک مقیم انڈونیشیائی نژاد افراد کو دوبارہ ملک سے جوڑنا ہے۔

رپورٹس کے مطابق اس پروگرام کا باقاعدہ آغاز 26 جنوری 2026 کو کیا جائے گا، جبکہ اب تک کم از کم پانچ افراد رجسٹریشن کروا چکے ہیں۔ رہائشی اجازت ناموں کے ڈائریکٹر جنرل ایڈی ایکو پترانتو نے بتایا کہ موصول ہونے والی درخواستوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ درخواست گزاروں کی اہلیت کا تعین کیا جا سکے۔

اہل افراد میں سابق انڈونیشیائی شہری، ان کے بچے، پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ انڈونیشیائی شہریوں کے غیر ملکی شریکِ حیات اور انڈونیشیائی و غیر ملکی والدین سے پیدا ہونے والے بچے بھی اس پروگرام کے تحت درخواست دے سکتے ہیں۔

تاہم حکومت نے واضح کیا ہے کہ یہ سہولت ان غیر ملکیوں کو فراہم نہیں کی جائے گی جن کا تعلق ایسے ممالک سے ہو جو ماضی میں انڈونیشیا کی سرزمین کا حصہ رہے ہوں، یا جو علیحدگی پسند سرگرمیوں میں ملوث رہے ہوں۔ اسی طرح وہ افراد بھی اس پروگرام کے اہل نہیں ہوں گے جنہوں نے کسی دوسرے ملک میں سرکاری ملازم، انٹیلی جنس افسر یا فوجی اہلکار کے طور پر خدمات انجام دی ہوں۔