ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

کوئٹہ: زرغون روڈ پر خودکش حملہ ناکام،  10 افراد شہید، 6 دہشتگرد جہنم واصل

کوئٹہ: زرغون روڈ پر خودکش حملہ ناکام،  10 افراد شہید، 6 دہشتگرد جہنم واصل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 ویب ڈیسک: کوئٹہ کے علاقے زرغون روڈ کے قریب دھماکے کے نتیجے میں10 افراد جاں بحق اور  30 سے زائد زخمی ہو گئےجس کے باعث ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے.

پولیس کے مطابق کوئٹہ میں زرغون روڈ کے قریب زور دار دھماکا ہوا  جس کے بعد شدید فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں، جوابی حملے میں 6دہشت گرد جہنم واصل کردیے گئے ہیں۔اُن کا کہنا ہے کہ  دھماکا اتنا شدید تھا کہ قریبی عمارتوں کے دروازے اور کھڑکیاں ٹوٹ گئیں۔

 وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے شہر بھر کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ تمام کنسلٹنٹس، ڈاکٹرز، فارماسسٹس، سٹاف نرسز، پیرا میڈیکل سٹاف ہسپتالوں میں طلب کر لیا گیا ہے۔

 پولیس اور ریسکیو ٹیمیں دھماکے کے مقام پر پہنچ گئیں ہیں، ایف سی کی بھی نفری موقع پر موجود ہے جبکہ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔دھماکے کی نوعیت جانچنے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ 

دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کہنا ہے  کہ واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر ردعمل دیا اور دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا ہے۔دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کا حوصلہ پست نہیں کرسکتے، عوام اور سکیورٹی اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کا مزید کہنا ہے کہ بلوچستان کو پرامن اور محفوظ بنانے کے عزم پر کاربند ہیں۔

 وزیراعظم شہباز شریف نے کوئٹہ میں بھارتی پراکسی کے دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پذیرائی اور حملے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں اور شہریوں کے لیے جلد از جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ معصوم، نہتے شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیں گے، پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والے عناصر کو عبرت ناک سزا دیں گے، حکومت، سیکیورٹی فورسز اور قوم دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی کوئٹہ میں فتنۃ الہندوستان کے6حملہ آوروں کوجہنم واصل کرنے پر ایف سی جوانوں کی ستائش کی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ایف سی کے بہادر سپوتوں نے خودکش بمبار سمیت 6 دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچا کر مذموم عزائم کو ناکام بنایا، ایف سی کے جوانوں نے جرات کے ساتھ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا اور دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔ میں ایف سی جوانوں کو حملہ ناکام بنانے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

 وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایف سی جوانوں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہنا تھا کہ ایف سی کے بہادر جوانوں پر ناز ہے، اُنہوں نے 2 زخمی جوانوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔